মা'আরিফুল হাদীস (উর্দু)

کتاب المناقب والفضائل

হাদীস নং: ২০২১
فضائل فاروق اعظمؓ حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم سے پہلی امتوں میں محدث یعنی ایسے لوگ ہوتے تھے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے الہام کی نعمت سے خاص طور پر نوازے جاتے تھے ، تو اگر میری امت میں سے کسی کو اس نعمت سے خاص طور پر نوازا گیا تو وہ عمر ہیں ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلیفہ اول سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب سے متعلق حدیثیں ناظرین کرام ملاحظہ فرما چکے، ان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات بھی تھے اور بعض جلیل القدر صحابہ کرام کے بیانات بھی اب آپ کے خلیفہ دوم فاروق اعظم رضی اللہ عنہ سے متعلق چند احادیث درج کی جا رہی ہیں ، ان میں بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کے علاوہ جلیل القدر صحابہ کرام کے بیانات بھی ہوں گے ۔

تشریح .....“محدث” اللہ تعالیٰ کے اس خوش نصیب بندے کو کہا جاتا ہے ، جس کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بکثرت الہامات ہوتے ہوں اور اس بارے میں اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا خصوصی معاملہ ہو اور وہ نبی نہ ہو کسی نبی کا امتی ہو ۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کا مطلب یہ ہے کہ اگلی امتوں میں ایسے لوگ ہوتے تھے اور میری امت میں اگر کسی کو اللہ تعالیٰ نے اس نعمت سے خصوصیت کے ساتھ نوازا ہے) تو وہ عمرؓ ہیں ..... حدیث کے الفاظ سے کسی کو یہ غلط فہمی نہ ہونی چاہئے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بارے میں کوئی شک شبہ تھا ، آپ کی امت جب خیر الامم اور اگلی تمام امتوں سے افضل ہے تو ظاہر ہے کہ اس میں بھی ایسے خوش نصیب بندے ہوں گے جو کثرت الہامات کی نعمت سے نوازے جائیں گے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کا مقصد و مدعا اس بارے میں حضرت عمرؓ ، کی خصوصیت اور امتیاز سے لوگوں کو آگا کرنا ہے ، اور بلاشبہ اللہ تعالیٰ کے اس انعام کے بارے میں حضرت عمرؓ کو تخصص و امتیاز حاصل تھا ، جیسا کہ آگے درج ہونے والی احادیث سے معلوم ہو گا ۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: لَقَدْ كَانَ فِيمَا قَبْلَكُمْ مِنَ الأُمَمِ مُحَدَّثُونَ، فَإِنْ يَكُ فِي أُمَّتِي أَحَدٌ فَإِنَّهُ عُمَرُ. (رواه البخارى ومسلم)
tahqiqতাহকীক:তাহকীক চলমান
মা'আরিফুল হাদীস (উর্দু) - হাদীস নং ২০২১ | মুসলিম বাংলা